17 مئی 2015 - 19:48
روہنگیائی مسلمانوں کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تشویش

اقوام متحدہ کے سیکرiٹری جنرل نے انتہا پسند بدھسٹوں کے ظلم و ستم کی وجہ سے ہزاروں روہنگیائی مسلمانوں کی صورت حال پر تشویش ظاہرکی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے میانمار کے انتہا پسند بدھسٹوں کے ظلم و ستم اور حملوں کے بعد اپنا گھر بار اور ملک چھوڑ کر جنوبی مشرقی ایشیا کے سمندر میں سرگرداں ہزاروں روہنگیائی مسلمانوں کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے-

اس سلسلے میں ملایشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اتوار کے روز ان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کر کے روہنگیائی مسلمانوں کی صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے-
میانمار سے فرار ہو کر انسانی اسمگلروں کے چنگل میں پھنسنے والے اور جنوب مشرقی ایشیا کے علاقے کے سمندر میں سرگرداں ہزاروں روہنگیائی مسلمانوں کے حالات، گزشتہ چند روز کے دوران اس علاقے کے ایک اہم مسئلے میں تبدیل ہو چکے ہیں-
ان میں سے دسیوں آوارہ وطن افراد بھوک یا بیماری کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور ان کی لاشیں سمندر کے حوالے کر دی گئی ہیں- جبکہ سینکڑوں روہنگیائی آوارہ وطنوں کو انسانی اسمگلروں نے غیرآباد جزیروں پر بےیارومدد گار چھوڑ دیا ہے-
اب تک تقریبا تین ہزار آوارہ وطن چند کشتیوں کے ذریعے ملایشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کی سمندری حدود میں داخل ہوئے ہیں- ان میں سے بعض افراد کو ملایشیا اور انڈونیشیا میں کیمپوں کے اندر کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے- بتایا جاتا ہے کہ صحافیوں کو ان کیمپوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے-

........

/169